بھٹکل 24 جولائی (ایس او نیوز) تعلقہ کے ساگر روڈ پر ہاڈولی کے قریب آج شام کو ہوئے ایک سڑک حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت راشا منجپّا (50) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق راشا اتوار سنتے مارکٹ میں ترکاریاں بیچنے کے بعد بائک پر سوار واپس اپنے گائوں ناگولّی (ساگرتعلقہ) جارہا تھا کہ مخالف سمت سے ایک تیز رفتار طوفان ٹمپو اس کی بائک سے ٹکراگئی۔ ٹکر لگتے ہی راشا بائک سمیت نیچے گرپڑا اور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ طوفان ٹمپو پر سیاح ٹمکور سے بھٹکل تفریح کے لئے آرہے تھے۔
نعش کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لئے لایا گیا ہے۔
راشا کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہ پیشہ سے کسان تھا اور اتوار کو سنتے مارکٹ میں اپنی اُگائی ہوئی ترکاریاں بیچ کر گھروالوں کا پیٹ پال رہا تھا۔ اس کو ایک لڑکا اور پانچ لڑکیاں ہیں۔ گھروالوں نے بتایا کہ راشا کے انتقال سے ان کا پورا گھرانہ سخت مشکلات میں آگیا ہے۔
مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔